کراچی،لوڈ شیڈنگ کے بے قابو جن نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی
رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی کے الیکٹر ک نےشہریوں کے صبر کا امتحان
لینا شروع کر دیا ہے،شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ نے عوام کو دہرے عذاب میں
مبتلا کر رکھا ہے۔
بے وقت لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے طالب علموں ،نمازی حضرات اور گھریلو خواتین کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں
عوام پر رحم کیا جائے اور نماز اور سحر و افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ
کی جائے۔
اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک شہری
محمد خالدنے کہا کہ گرمی کے سبب پہلے ہی کاروبار بری طرح سے متاثر ہوا ہے
جبکہ رہی سہی کسر لوڈشیڈنگ نے پوری کردی ہے۔
بزرگ شہری محمد اشفاق نے کہا کہ کم از کم نماز کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ
کی جائے جبکہ رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کی
جائے۔
ایک خاتون نے کہاکہ ایک تو لوگوں کے گھر چھوٹے چھوٹے ہیں جبکہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شدید گرمی میں گزارہ مشکل ہوجاتا ہے ۔
بزرگ خاتون فہمیدہ بیگم نے کے الیکٹرک حکام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ
چھوٹے سے مکان کا چالیس ہزار روپے بل آرہا ہے جس کے باوجود آٹھ آٹھ گھنٹے
لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے،اگرحکومت عوام کو بجلی نہیں دے سکتی تو اس نظام کو
ہی ختم کردے۔