لاہور،چیئرمین
پی سی بی شہریار خان نے افغانستان کیساتھ دو ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کا اعلان
کر دیا، ایک میچ افغانستان اور ایک پاکستان میں ہو گا۔
چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے افغانستان کیساتھ دو ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے
کا اعلان کر دیاہے، ایک میچ افغانستان اور ایک پاکستان میں ہو گا۔
افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شکر اللہ عاطف نے قذافی سٹیڈیم لاہور کا دورہ
کیا۔ چیئرمین پی سی بی شہریارخان سے ملاقات کے بعد دونوں سربراہان نے کرکٹ
کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا اعلان کیا۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ
افغان ٹیم کیساتھ دو ٹی ٹونٹی میچ طے پائے ہیں جن میں سے ایک پاکستان اور
ایک افغانستان میں ہو گا،قومی ٹیم ٹی 20میچ کھیلنے کیلئے کابل جائے گی جبکہ
افغان ٹیم لاہور آکر میچ کھیلے گی جن کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا
جائے گا۔
چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ دونوں ٹی 20میچ جولائی یا اگست میں کھیلے جا
سکتے ہیں جبکہ افغانستان کے ساتھ جونیئر کرکٹ بھی کھیلنا چاہتے ہیں اس کے
علاوہ پاکستانی کھلاڑی افغان کرکٹ لیگ جبکہ افغان پلیئرز پی ایس ایل کھیلنے
کیلئے بھی پاکستان آئیں گے۔
افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عاطف مشال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مثالی ہیں ، پاکستانی ٹیم میچ کھیلنے کیلئے
پہلے کابل آئے گی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ دونوں ملک دو طرفہ سیریز بھی کھیلیں گے جس کا
انعقاد یو اے ای، افغانستان یا پاکستان میں ہو سکتا ہے، انہوں نے جذبہ
خیرسگالی کے طور پر افغان ٹیم کو پریکٹس کیلئے ایک سٹیڈیم فراہم کرنے کا
اعلان بھی کیا، شہریار خان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی ریجنل ٹیمیں بھی
جلد ایک دوسرے کیساتھ کھیلیں گی۔