Sep 27, 2018 06:10 pm
views : 405
Location : National Assembly
Islamabad- MNA Ahsan Iqbal views in NA
اسلام آباد، ہم نے ہر لحاظ سے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا ہے، احسن اقبال
ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ احسن اقبال نے اظہار خیال کیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موڈیز جو پوری دنیا میں مستند ترین ادارہ ہے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی شرح نمو کا تناسب ساڑھے پانچ اور آنے والے سالوں میں چھ فیصد ہوجائے گا۔ جب ہم حکومت میں آئے تو پاکستان اسٹاک ایکسچینج انیس ہزار پر گری ہوئی تھی لیکن ہم پچاس ہزار پوائنٹس کی سطح پر چھوڑ کر گئے۔ سپریم کورٹ میں پانامہ اسکینڈل چلاکر ملک میں بے یقینی پیدا کی گئی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 18 ارب ڈالر کے مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا لاکڈلاس کیا گیا اور فلائٹ آف کیپٹل بنایا گیا، سیاسی ناٹک رچاکر اس ملک کو اٹھارہ ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا گی لیکن اس کے باوجود آج بھی اسٹاک ایکسچینج چالیس ہزار سے بلند ترین سطح پر کاروبار کررہا ہے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو ملک میں بیرونی سرمایہ کاری 500 ملین ڈالر سے نیچے جاچکی تھی آج ہم اس کو 3 بلین ڈالر سے اوپر چھوڑ کر جارہے ہیں، ملک میں ہر سال ہزاروں کی تعداد میں دہشت گردی کے واقعات ہورہے تھے جب ہم چھوڑ کر جارہے ہیں تو گنتی کے چند دہشت گردی کے چھوٹے بڑے واقعات ہوتے ہیں، ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو 8 اعشاریہ جی ڈی پی تھی لیکن ہم ساڑھے گیارہ فیصد پر چھوڑ کر جارہے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر لحاظ سے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا ہے، پاکستان میں کوئی سرمایہ کار سو ڈالر لگانے کیلئے تیار نہیں تھا، یہ وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت کا کمال ہے کہ سی پیک کی روشنی میں ہم نے پاکستان کے اندر 46 بلین ڈالر بیرونی سرمایہ کاری کے پیکج کو ممکن بنایا جس میں سے 29 ارب ڈالر کے منصوبے اس وقت زمین کے اوپر کھڑے ہیں اور اس نے پاکستان کی دنیا کے سامنے سرمایہ کاری پروفائل کو بدل دیا، ہم نے بدترین دھرنے کے باوجود تمام کامیابیاں حاصل کیں۔